5g

فائیو جی سروسز اس سال دسمبر سے شروع ہو جائیں گی: وفاقی وزیر آئی ٹی

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق نے کہا ہے کہ فائیو جی سروسز دسمبر 2022 یا جنوری 2023 تک شروع کر دی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے فائیو جی کی نیلامی کے لیے ایڈوائزری کمیٹی قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں مشاورتی کمیٹی 13 ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز شامل ہیں۔

وزیر صنعت و پیداوار، مشیر تجارت و سرمایہ کاری، سیکرٹری خزانہ، آئی ٹی اور قانون بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی اے اور ٹیلی کام، فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ سمیت اہم اداروں کے حکام بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ کمیٹی بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستان میں دستیاب اور استعمال ہونے والے سپیکٹرم کا جائزہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک پلان پر اسٹیک ہولڈرز خصوصاً ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی اور اسے ٹیلی کام سیکٹر میں اصلاحات اور مراعات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کے حوالے سے ٹیلی کام سیکٹرز کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے کنسلٹنٹ کی سفارشات کی روشنی میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت فائیو جی ایکو سسٹم کا قیام عوام اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ابتدائی طور پر ملک کے پانچ بڑے شہروں میں فائیو جی سروسز شروع کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام سیکٹرز پر اضافی ٹیکسوں کے نفاذ سے کچھ مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ اصولی طور پر ٹیلی کام سیکٹر کو جتنی زیادہ مراعات دی جائیں گی، ملک کو اتنا ہی زیادہ ریونیو ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں