شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خبر یہ ہے کہ وہ اس سال دو میگا کرکٹ ایونٹس سے لطف اندوز ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے رواں سال ایشیا کپ کرانے کی منظوری دے دی، فیصلہ بورڈ کے اہم ترین اجلاس میں کیا گیا۔
اے سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کا ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ٹورنامنٹ کے کوالیفائرز 20 اگست سے شروع ہوں گے۔
AGM Update: The ACC Members unanimously decided that the tenure of Mr. @JayShah as ACC President and that of the Executive Board along with its Committees will continue until the 2024 AGM @BCCI @TheRealPCB @BCBtigers @ACBofficials @ThakurArunS pic.twitter.com/ah8FKIQ7D4
— AsianCricketCouncil (@ACCMedia1) March 19, 2022
واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ ہر دو سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ سال 2020 میں، گورننگ باڈی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے عالمی وبا کی وجہ سے ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا تھا۔
2020 میں ٹورنامنٹ کے آغاز کے لیے سری لنکا کے مقام کا انتخاب کیا گیا تھا لیکن اس بار کورونا وائرس نے منتظمین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے، جس نے 14 ایڈیشنز میں سے سات بار ٹائٹل جیتا، پانچ بار سری لنکا نے ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کی جبکہ پاکستان نے صرف دو بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔