پاکستان کرکٹ ٹیم جو اس وقت نیوزی لینڈ میں موجود ہے، نیوزی لینڈ پہنچتے ہی پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ میں چھ پاکستانی کرکٹرز کی رپورٹس مثبت آ گئیں. لاہور سے روانگی کے وقت تمام اسکواڈ کے ٹیسٹ منفی آئے تھے، سی ای او پی سی بی وسیم خان نے کھلاڑیوںکو ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی.
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق چھ میں سے دو کو پہلے بھی کورونا ہو چکا ہے تاہم متاثرہ کھلاڑیوں کو اپنے اپنے کمروں میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے، پاکستان اسکواڈ کے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ پہنچنے کے بعد کرائسٹ چرچ میں پہلی ٹیسٹنگ بدھ کو ہوئی تھی، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کھلاڑیوں کی جانب سے کویڈ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کیویز بورڈ کے قوانین کے مطابق مثبت آنے والوں کے نام نہیں بتا سکتے، پی سی بی میزبان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
سی ای او پی سی بی وسیم خان نے قومی کھلاڑیوں سے رابطہ کر کے کوویڈ 19 پروٹوکولز پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ کہا نیوزی لینڈ میں قوانین سخت ہیں، قرنطینہ میں رہ کر سخت حالات برداشت کر لیں۔ پھر گھومنے پھیرنے کی آزادی ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس او پیز پرعمل نہ کیا تو نیوزی لینڈ حکومت واپس بھیج دے گی۔