سعودی عرب میں اے ٹی ایم صارفین کو جعل سازی کے ذریعے لوٹنے والے گروہ گرفتار

سعودی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم صارفین کو جعل سازی کے ذریعے لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، ملزمان لاکھوں روپے بٹور چکے تھے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے یہ اہم کارروائی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کی۔ ملزمان اے ٹی ایم مشین میں عارضی خرابی پیدا کرتے تھے اور بعد میں خاص تکنیک کے ذریعے پیسے نکال لیتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ریاض میں پولیس ٹیم نے مختلف بینکوں کی اے ٹی ایم میں عارضی خرابی پیدا کرکے صارفین کو لوٹنے والے 3 سعودیوں کو گرفتار کیا ہے، گرفتار ملزمان کی عمریں 30 برس کے قریب بتائی جاتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پہلے اے ٹی ایم مشین میں عارضی خرابی پیدا کرتے اور جب صارف مشین استعمال کرتا تو اسے پیسے وصول نہیں ہوتے جس پر شہری یہ سمجھ کر دوسرے اے ٹی ایم چلا جاتا کہ یہ مشین خراب ہے۔

صارف جیسے ہی اے ٹی ایم سے نکلتا ملزمان داخل ہوکر خصوصی تکنیک کے ذریعے پیسے نکال لیتے تھے، ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ انہوں نے اس قسم کی کتنی وارداتیں کیں تھیں۔

خیال رہے کہ گرفتار ملزمان سے تحقیقات مکمل کرکے چالان پراسیکیوٹر جنرل کے ادارے کو ارسال کیا جائے گا جہاں سے ان کے خلاف مقدمہ فوجداری عدالت میں بھیجا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں