سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ اسی تناظر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ موجودہ صورت حال کے حوالے سے قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل سے متعلق مزید سوالات بھیجے ہیں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ اردو نیوز میں شائع ہونے والے آرٹیکل میں عبدالرحمان نامی ایک شخص کا سوال میرے کفیل کی سروسز بند ہیں جس کی وجہ سے میرا اقامہ تجدید ہو رہا ہے اور نہ ہی تنازل بلکہ فائنل ایگزٹ بھی نہیں لگ سکتا، ایسے میں کیا کروں؟
جواب: کسی بھی کمپنی یا انفرادی کفیل کی جانب سے خلاف ورزی پر اس کی سرکاری سروسز سیز کردی جاتی ہیں جس کے بعد اس کے تمام سرکاری معاملات رک جاتے ہیں جن میں کارکنوں کے اقاموں کی تجدید و دیگر معاملات بھی شامل ہوتے ہیں۔
آپ کو چاہیے کہ جوازات سے رجوع کریں۔ موجودہ صورتحال میں کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے حالات پہلے والے نہیں۔ اس لیے تمام سرکاری اداروں سے رجوع کرنے کے لیے پیشگی وقت لینا پڑتا ہے۔ آپ جوازات کے ابشر اکاؤنٹ پر لاگ ان کرکے وقت حاصل کریں اورمقررہ وقت پر منتخب کیے گئے جوازات کی برانچ سے رجوع کریں۔
جوازات سے رجوع کرتے وقت اس امر کا خیال رکھیں کہ آپ کے ہمراہ تمام دستاویزات موجود ہوں جو بوقت ضرورت آپ انہیں فراہم کرسکیں۔ آپ سفارتخانے یا قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔ وہاں ترجمان کی سہولت موجود ہوتی ہے۔
عربی نہ آنے کی صورت میں اگر کسی اور شخص کو آپ ترجمان بنا کر لے جائیں گے تو یہ ممکن نہیں ہوگا دوسری صورت یہ ہوگی کہ آپ کسی لائسنس یافتہ ایجنٹ کی خدمات حاصل کریں جس کی فیس بھی آپ کو ادا کرنا ہوگی۔
اس لیے بہتر ہے کہ سفارتخانے یا قونصلیٹ کے شعبہ ویلفئیر سے رجوع کریں جہاں اس طرح کے امور کی انجام دہی کے لیے اسٹاف موجود ہے۔