سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان انجنیئر ہشام سعید نے عمرہ زائرین کیلئے عمرہ ویزوں کے اجرا اور سعودی عرب آمد کے ضوابط اور طریقہ کار کی تفصیلات سے آگاہ کیا.
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزار حج و عمرہ کے ترجمان کا کہنا تھا، عمرہ ویزے حاصل کرنے اور سعودی عرب آمد کی پہلی اور بنیادی شرط یہ ہے کہ ویزے کے اجرا سے پہلے کورونا ویکسین کی تمام خوراکیں لگوا لی ہوں.
مزید پڑھیں؛ سعودی عرب نے بیرون ملک سے 50 برس سے زیادہ عمر والے عمرہ زائرین کو آنے کی اجازت دے دی
انجینئر ہشام سعید کا مزید کہنا تھا کہ ’عمرہ ویزا انہی زائرین کو جاری کیا جائے گا جو سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی بھی ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں حاصل کر چکے ہوں گے۔ انہیں ہوٹل قرنطینہ میں نہیں رکھا جائے گا اور وہ اس شرط سے مستثنی ہوں گے۔‘
اس کے برعکس بیرون مملکت سے آنے والے ایسے عمرہ زائرین کو تین دن تک ہوٹل قرنطینہ میں رکھا جائے گا جنہوں نے سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین کی خوراکیں نہیں لگوائیں البتہ عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین کی خوراکیں لگوا چکے ہیں۔ ایسے زائرین کو ہوٹل قرنطینہ میں قیام پر 48 گھنٹے گزرنے کے بعد پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
مزید پڑھیں؛ طواف کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں داخلے کیلئے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینا لازمی
ٹیسٹ کے رزلٹ منفی ہونے کی صورت میں عمرہ ویزے کی میعاد کے دوران سعودی عرب میں قیام کی بھی اجازت ہو گی، اور انہیں عمرے کا بھی موقع دیا جائے گا.
وزارت کے ترجمان کے مطابق ’بیرون مملکت سے عمرہ ویزوں پر آنے والوں کو (اعتمرنا ) ایپ کے ذریعے جاری شدہ اجازت ناموں کے بموجب عمرہ، مسجد نبوی، روضہ شریف کی زیارت اور صلاۃ وسلام پیش کرنے کی اجازت ہو گی۔‘