پاکستان کی نجی فضائی ایئر لائن کمپنی سیرین ایئر نے چھ دسمبر سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کیلئے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے.
سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے افیشل اکائونٹ سے ایئر لائن نے ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ چھ دسمبر سے اسلام آباد سے ہفتہ وار دو پروازین سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کیلئے شروع کی جا رہی ہیں جن کیلئے ٹکٹ کی بکنگ شروع ہو گئی ہے.
سیرین ایئر لائن اس سے قبل بھی شارجہ، دبئی جدہ اور ریاض کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کر چکی ہے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے پروازین منسوخ کر دی تھی.
مزید پڑھیں؛ سعودی عرب کیلئے براہ راست فلائٹس کب تک کھلیں گی؟
واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کے قانون کے مطابق وہ افراد جنہوں نے مملکت سے جانے سے قبل ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوں اور توکلنا ایپ پر ان کا سٹیٹس ’امیون‘ کا ہے وہ مملکت آسکتے ہیں جبکہ وہ افراد جو پابندی والے ممالک سے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ سہولت موجود ہے کہ وہ مملکت آنے سے قبل 14 دن کسی ایسے ملک میں قیام کریں جہاں سے مسافروں کے آنے پرپابندی نہیں ہےـ
سیرین ایئرلائن نے 2017 میں پاکستان میں مقامی طور پر فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ سیرین ایئر کے فضائی بیڑے میں چار بوئنگ 737 اور ایک ایئر بس اے 330 شامل ہے جبکہ ایئرلائن انتظامیہ نے حال ہی میں ایک اور ایئر بس اے 330 لیز پر حاصل کی ہے۔