سعودی عرب میں 17 مئی سے سفری پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔ تمام ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں سعودی شہریوں کے لیے کھول دی گئی ہیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ “وہی سعودی شہری سفر کر سکیں گے جنہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لیں ہیں، اس کے علاوہ وہ سعودی شہری بھی سفر کرنے کے اہل ہوںگے جنہوںنے کورونا ویکسین کی ایک خوراک لے لی ہے اور اُن کو خوراک لیے ہوئے چودہ دن گزر چکے ہیں.
کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔ اٹھارہ برس سے کم عمر کے سعودی شہریوں کو سفر کی مشروط اجازت ہے‘۔
ریاض کے کنگ خالد ایئر پورٹ سے پہلی پرواز رات ایک بجے کے بعد روانہ ہوئی ہے۔
سعودی محکمہ ہوابازی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پرواز سے بہت پہلے ایئر پورٹ پہنچ جائیں۔ ایئرپورٹ صرف سفر کرنے والے ہی جا سکتے ہیں۔ غیر مسافروں کو ایئرپورٹ کی عمارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی البتہ معذور مسافروں کے ہمراہی مستثنی ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق پابندیاں ختم ہونے کے ساتھ سعودی عرب سے لگ بھگ ایک لاکھ سعودی احتیاطی تدابیر کے ساتھ بیرون ملک کا سفر کریں گے۔
ایئر پورٹس ویکسین لگوانے والوں کے کاونٹر الگ ہوں گے۔ سعودی عرب کے9 ایئر پورٹس سے ایک دن میں 385 پروازیں چلائے جانے کی توقع ہے۔ ان میں جدہ ایئرپورٹ سے 75 پروازیں، ریاض سے 225 اور دمام ایئرپورٹ سے 66 پروازیں روانہ ہوں گی۔