پاکستان میں کورونا میں اضافہ، وزرائے تعلیم کا ہنگامی اجلاس طلب

پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس طلب کیا جس کا مراسلہ تمام بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے رکن کو جاری کر دیا گیا ہے۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس 16 نومبر کو 11 بجے این سی او سی میں ہوگا۔

پاکستان کے متعدد تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ملک میں بھی کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔
اسلام آباد کی 3 یونیورسٹیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں اور کلاسز کو سیل کردیا ہے۔

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یونیورسٹی کوسیل کردیا گیا ہے۔ ماڈل کالج فار بوائز ایف 10/4 کو بھی سیل کیا گیا ہے۔

جو تعلیمی ادارے سیل کیے گئے ہیں ان میں بڑی تعداد نجی تعلیمی اداروں کی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اب تک متعدد تعلیمی اداروں کو دو یا دو سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کیا جا چکا ہے۔

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں واقع کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پانچ طلبا و طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے طلبا کو گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے جب کہ ایک طالب علم جس میں علامات ظاہر ہوئی ہیں اسے اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں