کالعدم تحریک لبیک کا احتجاج: اسلام آباد ، لاہور ، راولپنڈی جزوی طور پر بند، انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل

کالعدم تنظیم تحریک لبیک کے احجاج اور لانگ مارچ کے پیش نظر حکام نے راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل کر دی ہے اور اسلام آباد اور لاہور میں سڑکیں بند کر دی ہیں کیونکہ حکومت مذکورہ شہروں میں کالعدم تنظیم اور اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے الگ الگ احتجاجی مظاہروں کے لیے تیار ہے۔

ایک دن پہلے ، وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو کالعدم تنظیم کے احتجاج کی وجہ سے لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کے لیے لکھا تھا۔

صوبائی حکومت نے بعدازاں لاہور کے علاقوں ملتان روڈ ، گرینڈ بیٹری اسٹاپ ، اقبال ٹاؤن ، نواں کوٹ ، سمن آباد اور سبزہ زار کے ارد گرد انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔

لاہور کے مختلف مقامات پر کنٹینر بھی رکھے گئے ہیں ، جیسے ملتان روڈ پر سمن آباد موڑ اور گرڈ سٹیشن سٹاپ ۔ مظاہرین کی جمع ہونے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے اقبال ٹاؤن کے بلیوارڈ علاقے میں دبئی چوک پر کنٹینر بھی رکھے گئے ہیں۔

دریں اثنا ، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کیا ہے ،کیونکہ شہرکی انتظامیہ آج احتجاج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل

راولپنڈی میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں ، جہاں حکام نے میٹرو بس سروس معطل کر دی ہے اور اس کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی ہیں۔

حکام نے شہر کے اندرونی علاقوں میں کئی سڑکیں بھی بند کر دی ہیں۔ فیض آباد کے علاقے کی طرف جانے والی سکستھ روڈ پر کنٹینر لگائے گئے ہیں جبکہ فیض آباد اوجڑی کیمپ روڈ کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

شہر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ میٹرو بس صرف آئی جے پی روڈ سٹاپ سے پاکستان سیکریٹریٹ تک چلے گی جبکہ یہ صدر سے فیض آباد تک معطل رہے گی۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے احتجاج سے قبل ٹریفک پلان جاری کیا ہے

اسلام آباد انتظامیہ نے کالعدم تنظیم کے شہر تک لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے ہیں۔ شہر کی ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نائنتھ ایونیو کو استعمال کریں اور جو لوگ فیض آباد سے راولپنڈی جانا چاہتے ہیں ، وہ آئی جے پی روڈ استعمال کریں۔

اسلام آباد سٹی پولیس کے ترجمان نے کہا ، “فیض الاسلام سٹاپ ، مری روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔” “جو لوگ اسلام آباد سے مری روڈ تک سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں ۔”

ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک جناح ایونیو روڈ کو سیل کردیا گیا ہے ، ترجمان نے مزید کہا کہ شہری نادرا چوک اور ایوب چوک کو شہر کے ریڈ زون ایریا میں داخل اور باہر جانے کے لیے استعمال کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں