ملک بھرمیں تعلیمی ادارے مرحلہ وار 25 جنوری سے کھولنے کی تجویز پرفیصلہ پیرکوہوگا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس (انٹر پرووینشل ایجوکیشن منسٹرز کانفرنس) 4 جنوری پیر کے روز ہو گی . ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے تحت ملک بھر کے تعلیمی ادارے مرحلہ وار تین حصوں میںکھولے جائیںگے، اور اس بار سب سے پہلے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا.
ملک بھر کے چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیاد پر کوویڈ کیسز کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کانفرنس کو تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک بھر کے سرکاری و نجی پرائمری اسکولز 25 جنوری 2021 سے کھول دیے جائیں جبکہ دوسرے کے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل /سیکنڈری اسکولز کھول دیے جائیں اور تیسرے مرحلے میں ہائرمڈل/سیکنڈری اور اس کے مساوی تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔
علاوہ ازیں 4 جنوری کو ہونے والے اجلاس کے لیے بنائے گئے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر میں اسکولز اور بورڈز کی سطح پر امتحانات مئی کے آخری یا پھر جون کے اوائل سے شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل اکیڈمک کورس ورک کی تکمیل کرلی جائے گی اسی طرح گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور نیا تعلیمی سال 2021 اگست سے شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تقریبا ڈھائی ماہ تک کھلے رہنے کے بعد ملک بھر کے تعلیمی ادارے 26 نومبر2020 سے دوبارہ بند ہوگئے تھے اور انھیں 10 جنوری تک بند رکھنے کے بعد 11 جنوری سے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اس سے پہلے تعلیمی ادارے مارچ 2020 میں میں بند ہونے کے بعد 15 ستمبر سے دوبارہ کھولے گئے تھے۔