سابق وزیر اعظم نواز کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے مزار قائد پر نعرے بازی اوربے حرمتی کیس میں وفاق اور صوبہ آمنے سامنے

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میں کیپٹن (ر) صفدر اور دیگر کے خلاف مزار قائد کی مبینہ بے حرمتی کے کیس میں قائد اعظم منیجمنٹ بورڈ نے مزار کی بے حرمتی سے متعلق درخواست دائر کردی ہے۔

عدالت نے قائد منیجمنٹ بورڈ کی درخواست قابل سماعت قرار دے کر دلائل طلب کرلیے ہیں جبکہ عدالت نے مقدمہ بی کلاس کرنے کی پولیس رپورٹ پر مدعی مقدمہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔

وہیں وفاقی حکومت نے بھی پولیس چالان پر تحفظات کا اظہار کردیا اور اس کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔

وفاق کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل محمد احمد نے درخواست جمع کروائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کال ڈیٹا ریکارڈ کی بنیاد پر مدعی کی مزار قائد پر موجودگی سے انکار مناسب نہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کو میڈیا اور سوشل میڈیا سے شواہد جمع کرنے کا حکم جاری کیا جائے اور عدالت شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیکر میرٹ پر فیصلہ کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پولیس نے استغاثہ کے اعتراضات دور کرکے حتمی چالان جمع کرایا تھا اور مقدمے سے املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات خارج کردیے تھے۔

پولیس نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں