ریاست مشی گن کی عدالت نے امریکی صدر کی درخواست مسترد کر دی، اب تک موصول ہونے والے نتائج میں جوبائیڈن کو واضح برتری حاصل.
امریکی صدارتی انتخابات، ووٹوں کی گنتی رکوانے کی کوشش، ٹرمپ کو عدالت میں شکست، ریاست مشی گن کی عدالت نے امریکی صدر کی درخواست مسترد کر دی، اب تک موصول ہونے والے نتائج میں جوبائیڈن کو واضح برتری حاصل۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخابات میں ممکنہ شکست سے قبل ایک قانونی شکست کا بھی سامنا کرنا پڑ گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ریاست مشی گن میں ووٹوں کی گنتی رکوانے کیلئے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ تاہم اب عدالت نے اس درخواست پر فیصلہ سنا دیا ہے۔ مشی گن کی عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ووٹوں کی گنتی روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔ جج نے جاری فیصلے میں کہا ہے کہ تفصیلی فیصلہ جمعہ کے روز جاری کا جائے گا۔
مشی گن کی عدالت کے اس فیصلے کو ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکا کی چند ریاستوں کے علاوہ دیگر سے نتائج مکمل ہوگئے ہیں، اب تک چودہ کروڑ ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے جس میں ری پبلکن کی پوزیشن مستحکم نظر آرہی ہے۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق امریکا کی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کو صدر بننے کے لیے صرف 6 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق جوبائیڈن 264 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں ہیں جبکہ ڈیموکریٹ کے امیدوار اور امریکی صدر ٹرمپ 214 ووٹ ہی حاصل کرسکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن فتح کیلئے اب فیورٹ ہیں، تاہم تمام ریاستوں کے نتائج موصول ہونے تک کوئی بھی حتمی بات نہیں کی جا سکتی۔