یوکرین پر روسی حملے کے اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں اور عالمی سطح پر تیل اور اجناس کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
برینٹ کروڈ کی قیمت 102 ڈالر سے اوپر، گندم 6 فیصد اور مکئی کی قیمت 4 فیصد بڑھ گئی ہے۔
روسی کرنسی، روبل بھی کریش کر گئی ہے، روسی کرنسی کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 30 فیصد تک گر گئی ہے۔
سونا بھی 27 ڈالر اضافے کے ساتھ 1914 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب یوکرین پر روسی حملے کے بعد روس کی فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ کیف اور خار میں کئی گھنٹے کے سکون کے بعد ایک بار پھر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ نقصان کا اندازہ لگاتے ہوئے یوکرین کی فضائیہ روسی فوجی قافلوں پر ڈرون حملے کر رہی ہے۔
روسی ایئرلائن نے یورپ کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ یورپی یونین کی جانب سے روسی طیاروں پر پابندی کے بعد کیا گیا۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اگر یوکرین میں جنگ جاری رہی تو 70 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو سکتے ہیں۔
یورپی یونین کے کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ براعظم کو برسوں بعد انسانی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جی 7 رہنماؤں نے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
جی 7 رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرین پر حملے جاری رکھے تو مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی اور یوکرین پر روس کی فوجی فتح کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
برطانوی فٹ بال ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انگلینڈ روس کے خلاف تمام بین الاقوامی فٹ بال میچوں کا بائیکاٹ کرے گا۔
برٹش فٹ بال ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ فٹ بال میچوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا۔