وزیراعظم کا دورہ روس کا شیڈول جاری

وزیراعظم عمران خان پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 9 بجے ماسکو پہنچیں گے، ائیرپورٹ پر روس کے نائب وزیر خارجہ ان کا استقبال کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو ایئرپورٹ پر گارڈ آف آنر دیا جائے گا، جس کے بعد عمران خان ہوٹل جائیں گے جہاں وہ آرام کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان 24 فروری کو دوسری جنگ عظیم میں شہید ہونے والے فوجیوں کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم اور صدر پیوٹن کے درمیان ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگی، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک میں وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق وزیراعظم کا روسی میڈیا کو انٹرویو شام ساڑھے 5 بجے ریکارڈ کیا جائے گا جب کہ روس کے نائب وزیراعظم شام 6 بجے ان سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے پاکستانی میڈیا سے ملاقات کریں گے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 9:30 بجے تاجر برادری سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے اسلامک سینٹر کا دورہ کریں گے جب کہ عمران خان 24 فروری کو ساڑھے 11 بجے وطن روانہ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں