ڈیرہ بگٹی: سوئی کے علاقے میں دھماکہ، امن فورس کے 4 رضاکار شہید، 8 زخمی

سوئی کے قریب تلمٹ کے علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں امن فورس کے 4 رضاکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں سوئی کے قریب تلمت کے علاقے میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں امن فورس کے 4 رضاکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس حملے میں کالعدم تنظیم بلوچستان ریپبلکن آرمی ملوث ہے۔ ریاست کب تک معصوم لوگوں پر ایسے حملوں کو برداشت کرتی رہے گی؟

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سوئی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے امن فورس کے رضاکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن کے دشمنوں نے ایک بار پھر دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں کیں، شہداء نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، امن کے لیے قربانیاں اور کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں