ملک کے معروف سٹیج اداکار نسیم وکی اور آغا مجید قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے علاقے راجہ روڈ پر نامعلوم حملہ آور نے اسٹیج اداکار نسیم وکی اور آغامجید کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔ خوش قسمتی سے دونوں فنکار فائرنگ سے بچ گئے۔ بزدلانہ کارروائی کے بعد نامعلوم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نسیم وکی اور آغا مجید اسٹیج ڈرامے کے بعد لاہور جارہے تھے۔ مقدمہ درج کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں فنکاروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ فنکاروں پر فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کیا جائے۔