ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کراچی سے برطانیہ منی لانڈرنگ کرنے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے خلاف انکوائری درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ عمران ریاض کے مطابق ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے منی لانڈرنگ کے جرم کا اعتراف کیا ہے اور پھر اسے ’مذاق ویڈیو‘ قرار دیا ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
عمران ریاض کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومت پاکستان اور اداروں کو بدنام کرنے کی کارروائی ہے، حریم شاہ کا یہ فعل منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حریم شاہ کے خلاف سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں انکوائری درج کر لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حریم شاہ کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے باضابطہ نوٹس جاری کیا جا رہا ہے۔