عالمی وبا کورونا وائرس اور نمونیا کے باعث ہسپتال میں داخل ہونے والی لیجنڈ بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر صحت یاب ہو رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لتا منگیشکر کا علاج کرنے والے ڈاکٹر پریت کا کہنا ہے کہ ’لتا منگیشکر اب بھی آئی سی یو وارڈ میں ہیں تاہم ان کی صحت میں قدرے بہتری آئی ہے‘۔
ڈاکٹر پریت نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ 92 سالہ گلوکار کو اگلے 10 سے 12 دنوں تک ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی نگرانی میں رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل لتا منگیشکر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ دیگر ٹیسٹ کروانے کے بعد گلوکارہ کو گزشتہ روز نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی۔
گلوکارہ کے کورونا اور آئی سی یو میں داخل ہونے پران کے مداح پریشان تھے اور ان کی صحت کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔
بعد میں، ان کی بھانجی نے کہا، “وہ اب بہتر ہیں، وہ ایک فائٹر اور فاتح ہے، اور اسی طرح سے ہم انہیں اتنے سالوں سے جانتے ہیں۔”
انہوں نے گلوکار کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔