اے پی ایس سانحہ: پاکستان میں تشدد کو بالکل برداشت نہیں کریں گے ، وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی برسی کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ اے پی ایس کے شہداء کے والدین اور متاثرین کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردوں نے سانحہ اے پی ایس میں 132 بچوں سمیت 140 سے زائد افراد کو شہید کیا، پاکستان نے دہشت گردی کو کامیابی سے شکست دی۔ اے پی ایس شہداء اور متاثرین کے والدین کو مایوس نہیں ہونے دیں گے، تشدد اور اسے آلہ کار کے طور پر استعمال کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن پاکستانی قوم کو اے پی ایس کے المناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے۔ اس دن بزدل شرپسندوں نے قوم کے مستقبل اور نہتے بچوں کو شہید کیا۔ اے پی ایس کے بہادر اساتذہ طلبہ کے تحفظ کے لیے دیوار بن گئے۔

عمران خان نے کہا کہ بلاشبہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، بزدلانہ سوچ معصوم بچوں کو مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرسکتی ہے، آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کے بعد دہشت گردی کے خلاف بہادر قوم کے حوصلے مزید بلند ہوئے اور پوری قوم متحد ہوگئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کا عزم، دشمن کے حوصلے متزلزل کرنے کی کوشش کو شکست دیں، عہد کریں کہ قوم فرقہ وارانہ، مذہبی، نسلی تعصب کے خاتمے کے لیے متحد ہو گی، قوم اپنی صفوں میں موجود عناصر کی نشاندہی کرے گی، ریاست اس کے ازالے میں مدد کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اے پی ایس کے شہداء کے درجات بلند کرے اور شہداء اے پی ایس کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں