قومی کرکٹ ٹیم نے سال 2021 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق 2018 کے بعد سال 2021 میں گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے پاکستان نے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
پاکستان سال 2012 میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 63 رنز سے شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2012 میں شاہینز کی یہ 18ویں فتح ہے، قومی ٹیم نے ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے 2018 میں 17 ٹی ٹوئنٹی میچ جیتے تھے۔
آئی سی سی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی تھی۔
پاکستان نے آئی سی سی ایونٹ میں بھارت سے ہارنے کا ریکارڈ توڑ دیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کر دیا تھا جس نے ماہرین کرکٹ کو بھی دنگ کر دیا تھا۔
بعد ازاں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم نے بنگال ٹائیگرز کو اس کی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی میں بھی کلین سویپ کیا۔