طالبان کے شریک بانی اور تجربہ کار فوجی کمانڈر ملا عبدالغنی برادر کو ٹائم میگزین نے 2021 کے 100 بااثر افراد میں شامل کیا ہے۔
ملا عبدالغنی برادر کا پروفائل تجربہ کار صحافی احمد رشید نے تحریر کیا ہے ، جنہوں نے انہیں ایک “انتہائی متقی شخصیت” اور ایک کرشماتی فوجی کمانڈر کہا ہے۔
“ایک خاموش ، خفیہ آدمی جو شاذ و نادر ہی عوامی بیانات دیتا ہے یا انٹرویو دیتا ہے ، ملا عبدالغنی برادر بہرحال طالبان کے اندر ایک زیادہ معتدل ذہنیت کی نمائندگی کرتا ہے ، جسے مغربی حمایت اور مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
فہرست میں شامل کچھ اور لوگ ہیں جن میں افغان خواتین کے حقوق کی کارکن محبوبہ سراج ، امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا حیرث ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ، چینی صدر شی جن پنگ ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی بھی شامل ہیں۔
ابتدائی زندگی اور پروفائل
ملا عبدالغنی برادر 1968 میں افغانستان کے صوبے اروزگان میں پیدا ہوئے اور ان کی پرورش ملک کے دوسرے بڑے شہر قندھار میں ہوئی۔
اپنے وقت کے بیشتر افغان رہنماؤں کی طرح انہوں نے بھی سوویت فوجیوں کے خلاف ہتھیار اٹھائے اور 1980 کی دہائی میں ان کے خلاف لڑے۔
سوویت یونین کے افغانستان سے چلے جانے کے بعد ، افغانستان ایک شدید خانہ جنگی کی لپیٹ میں آگیا ، کیونکہ مجاہدین اپنے علاقوں کے لیے آپس میں لڑ رہے تھے۔
خانہ جنگی نے ملا برادر کو مایوس کر دیا ، جو قندھار چلے گئے جہاں انہوں نے ملا محمد عمر کے ساتھ ایک مذہبی سکول قائم کیا۔
ملا برادر نے ملا عمر کی 1990 کی دہائی کے اوائل میں طالبان تحریک کو شروع کرنے میں مدد کی۔ وہ ملا عمر کے بہت قریب تھے ۔
کہا جاتا ہے کہ ملا عمر نے ان کا نام “برادر” رکھا تھا جس کا ترجمہ بھائی ہے۔
2001-1996 تک طالبان حکومت کے دوران ، انہوں نے اہم فوجی اور انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ 2001 میں طالبان کے اقتدار کے خاتمے کے وقت نائب وزیر دفاع کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
وہ امریکی حملے کے بعد پاکستان فرار ہو گئے اور 2010 میں انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔