Moin Akhtar (1)

گوگل کا معین اختر کی سالگرہ پر انہیں خراج تحسین

پاکستان کے مقبول ترین فنکار معین اختر کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے اپنے ڈوڈل کے ذریعے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

چار دہائیوں سے لوگوں کو ہنسانے والے ہر دل عزیز فنکار معین اختر کی آج 71ویں سالگرہ ہے۔

24 دسمبر 1950 کو کراچی میں آنکھ کھولنے والے معین اختر چند ماہ کے ہی تھے کہ ان کے والد محمد ابراہیم محبوب انتقال کر گئے۔ وہ تقسیم ہند کے بعد مراد آباد سے ہجرت کر کے کراچی میں آباد ہوئے جہاں ان کا ذریعہ معاش کاروبار سے جڑا ہوا تھا۔

اسٹیج پر ڈراموں اور کامیڈی کے ساتھ ساتھ معین اختر نے میزبان، گلوکار اور سکرپٹ رائٹر کے طور پر بھی اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

16 سال کی عمر میں معین اختر نے اسٹیج پر اپنی پہلی پرفارمنس دی اور سامعین کے دل جیت لیے۔

معین اختر کو 70 کی دہائی میں پورے پاکستان میں پہچان ملی تھی۔ ان کے مقبول ترین شوز میں لوز ٹاک، ففٹی ففٹی، ہاف پلیٹ، اسٹوڈیو ڈھائی اور روزی جیسے پروگرامز شامل ہیں۔

معین اختر کا فنی سفر 45 سال پر محیط ہے جو ہر لحاظ سے شاندار اور متاثر کن ہے۔ کئی ایوارڈز جیتنے والے معین اختر کو حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور تمغہ حسن سے بھی نوازا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں