بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی فلم ’83’ کے میکرز نے بڑا اعلان کر دیا ہے۔
فلم بنانے والوں کا کہنا ہے کہ فلم دہلی میں ٹیکس فری ہو گئی ہے۔ دوسری جانب دہلی حکومت نے بھی منگل کو فلم کو ٹیکس فری کرنے کا اعلان کیا۔
حقیقت یہ ہے کہ فلم کے ٹیکس فری ہونے سے ناظرین کو کچھ ریلیف ملے گا اور وہ زیادہ سے زیادہ سینما گھروں کی طرف جائیں گے۔
یہ فلم ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور کپتان کپل دیو اور 1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں ان کی فتح پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ اداکار رنویر سنگھ اس فلم میں سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کا کردار ادا کریں گے جب کہ دیپیکا پڈوکون فلم میں کپل دیو کی اہلیہ رومی بھاٹیہ کا کردار ادا کریں گی۔
رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں طاہر راج بھاسن، جیوا، ثاقب سلیم، جتن سرنا، چراغ پاٹل، دنکر شرما، نشانت دہیا، ہارڈی سندھو، ساحل کھٹر، ایمی ورک، ادنی ناتھ کوٹھارے، ڈھیری کروہ، آر بدری اور پنکج ترپاٹھی شامل ہیں۔
فلم ’83’ رواں سال 24 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔