ہندوستان ٹائمز کے مطابق، منگل کی صبح بہار میں آنجہانی بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے خاندان کے کم از کم پانچ افراد ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب بہار کے لکھی سرائے ضلع میں قومی شاہراہ 333 پران کی گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
بدقسمت خاندان ہریانہ کے پولیس افسر او پی سنگھ کی بہن گیتا دیوی کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد پٹنہ سے واپس آرہا تھا جو آنجہانی ایس ایس آر کے بہنوئی ہیں۔
لکھی سرائے ضلع کے سپرنٹنڈنٹ سشیل کمار نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، “یہ ایک ٹرک اور ایک ایس یو وی کے درمیان زبردست تصادم تھا جس میں دس افراد پٹنہ سے واپس آ رہے تھے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ایس یو وی کے ڈرائیور سمیت چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ چار زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے”۔
زخمی ہونے والوں میں سے دو کو پٹنہ کے ایک صحت مرکز میں لے جایا گیا ہے، جب کہ دو کو لکھی سرائے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ہلاک شدگان کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے لکھی سرائے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔