متعدد بین الاقوامی نیوز ویب سائٹس کی رپورٹس کے مطابق مارول کی تازہ ترین ریلیز ‘ ایٹرنلز’ سعودی عرب، کویت اور قطر میں نہیں دکھائی جائے گی۔
فلم 11نومبر کو خلیجی ریاستوں میں اسکرین پر آنے کے لیے تیار تھی، لیکن ڈزنی کی جانب سے مجوزہ ترامیم کرنے سے انکار کرنے کے بعد اسے ویب سائٹس سے ہٹا دیا گیا۔
تنازعہ مارول سنیماٹک یونیورس کے ہم جنس جوڑے فاسٹوس (برائن ٹائری ہنری) اور اس کی آن اسکرین شریک حیات بین (ہاز سلیمان) کے کرداروں کی وجہ سے ہے۔ مبینہ طور پر ڈزنی سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ ان دونوں کرداروں پر مشتمل ایک خاص سین کوفلم سے ہٹائے۔
تاہم، ‘اٹرنلز’ اب بھی ان فلموں میں شامل ہے جو متحدہ عرب امارات میں ریلیز ہونے جا رہی ہیں۔
ایٹرنلز کو چلو ژاؤ نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس میں انجلینا جولی، سلمیٰ ہائیک، رچرڈ میڈن، جیما چن، لیا میک ہگ، کٹ ہارنگٹن، ڈان لی، اور دیگرسٹارزکاسٹ میں شامل ہیں۔
انجلینا نے ریمارکس دیئے کہ وہ ان ممالک کےناظرین کے لیے “اداس” ہیں جہاں فلم پر پابندی عائد ہے، لیکن انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ مناظر کو ایڈٹ کرنے سے انکار کرنے پر انہیں مارول پر فخر ہے۔
ایٹرنلز کے ستارے کمیل ننجیانی بھی ہیں جو مارول سنیماٹک یونیورس میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے پہلے پاکستانی اداکار ہیں۔
فلم کا ورلڈ پریمیئر 18 اکتوبر کو لاس اینجلس میں ہوا اور 5 نومبر کو اسے ریلیز کیا گیا۔
اگست میں، اکشے کمار کی جاسوسی تھرلر فلم بیل باٹم پربھی سعودی عرب، کویت اور قطر میں “نمائش کے لیے موزوں نہیں” مواد کی وجہ سے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ یہ فلم اندرا گاندھی کے وزیر اعظم کے دور میں 1980 کی دہائی میں انڈین ایئر لائنز کی پروازوں کے ہائی جیکنگ سے متاثر ہوکر بنائی گئی تھی۔
اعتراض یہ تھا کہ فلم میں اکشے کے کردار بیل باٹم (ایک ہندوستانی ایجنٹ) کو پوری واقعے کے ہیرو کے طور پر دکھایا گیا تھا جبکہ متحدہ عرب امارات کے وزیر دفاع کو ہندوستانی حکام نے اندھیرے میں رکھا تھا۔ حکام مبینہ طور پر “حقائق کو مسخ کرنے” سے ناراض تھے۔
بیل باٹم میں لارا دتہ نے اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا اور اکشے کے مد مقابل وانی کپور کو دکھایا گیا۔