بھارتی میڈیا کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کروز جہاز پر منشیات رکھنے سے متعلق کیس میں 14 روز کے لیے جوڈیشل تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
آریان خان کو ممنوعہ مواد خریدنے ، رکھنے اور استعمال کرنے کے الزامات کا سامنا ہے اور ان کی گرفتاری بھارت میں ایک ہائی پروفائل کیس بن گئی ہے۔
جیل ریمانڈ آرڈر کا مطلب ہے کہ آریان کو نئی ممبئی کی تالوجا جیل یا آرتھر روڈ جیل رکھا جائے گا۔ تاہم ، وہ فی الحال جیل منتقل ہونے سے بچ گیا ہے، کیونکہ جیل میں قیدیوں کو داخل کرنے سے پہلے لازمی RT-PCR رپورٹس اور ویکسین کی تفصیلات درکار ہوتی ہیں۔
آریان نے رات نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) میں گزاری کیونکہ اس کے وکیل جمعہ کو عبوری ضمانت کی سماعت کے لیے تیار تھے۔
مزید پڑھیں:آریان خان دورانِ حراست اپنے والد شاہ رخ خان کو دیکھ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے
سنیل شیٹھی بالی ووڈ میں اس کیس کے گرد خاموشی توڑنے والے پہلے مشہور شخص تھے۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ “آریان کو کٹہرے میں کھڑا نہ کریں اور اصل رپورٹ سامنے آنے دیں۔”
آریان کے دفاع کے لیے آنے والا تازہ اور اہم نام ہریتک روشن کا ہے ، جنہوں نے انسٹاگرام پر آریان کے لیے حمایت میں ایک پیغام شیئر کیا ہے۔ ہریتک نے آریان کے نام پیغام میں لکھا :
“میرے پیارے آریان ، “زندگی ایک مشکل مگر دلچسپ سفر ہے۔ اس میں آپ کو ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، لیکن خدا مہربان ہے۔ وہ صرف باہمت لوگوں کو ہی امتحان دیتا ہے۔
ہریتک نے کہا کہ وہ آریان کوچھوٹے بچہ اور جوان دونوں کے طور پر جانتا ہے۔ “تمام حالات کا باہمت ہو کر مقابلہ کرو، یہ وہ تجربات ہیں جن سے یقیناً آپ سیکھتے ہیں۔ “
آریان کو گذشتہ ہفتے ممبئی کے ساحل سے کورڈیلیا کروز کے ایمپریس جہاز پر چھاپہ مارنے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔ اسے ممبئی کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا اور پھر کچھ ہی دیر بعد سات دیگر افراد کے ساتھ گرفتار کر لیا۔
این سی بی حکام مسافروں کے بھیس میں تھے جب انہوں نے ریو پارٹی پر چھاپہ مارا۔ آریان کے وکیل نے دلیل دی ہے کہ انہیں صرف “چیٹ میسجز کی بنیاد پر” گرفتار کیا گیا تھا اور وہ جہاز پراس لیے تھے کیونکہ انہیں مدعو کیا گیا تھا۔