لاہور کی ایک ضلعی عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو 14 اکتوبر کو وزیر خان مسجد میں گانے ‘ قبول’ کے ویڈیو شوٹ سے متعلق کیس میں فرد جرم کے لیے طلب کیا ہے۔
صبا اور بلال دونوں عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری کا نشان لگایا۔
عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کوچالان کی ایک ایک کاپی فراہم کی اور انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی۔
ان دونوں کے خلاف اکبری گیٹ پولیس نے 2020 میں وکیل فرحت منظور کی شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا۔ انہیں میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران رقص کرکے وزیر خان مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔
ایف آئی آر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295 (کسی بھی طبقے کے مذہبی جذبات کی توہین کے لیے جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی کارروائیوں) کے تحت درج کی گئی تھی۔
8 ستمبر کو عدالت نے پیش نہ ہونے پر صباقمر اور بلال سعید کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ انہیں 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے خلاف ضمانت دی گئی۔
دونوں نے تنازع کے بعد معذرت کی تھی۔ بلال نے یقین دلایا تھا کہ وہ ویڈیو میں سے مسجد میں نکاح کے سین کو نکال دے گا۔