ارطغرل غازی کے بعد ترکی کاایک اور ڈرامہ “یونس امرے” سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کی ہدایت جاری

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پراردو ڈبنگ کے ساتھ نشر کیے جانے والے تُرک ڈرامے ” ارطغرل غازی ” کی بے انتہا مقبولیت کے بعد سرکاری ٹی وی پر جلد تُرکی کا ایک اور ڈرامہ ” یونس امرے” بھِی نشر کیا جائے گا۔

تیرہویں صدی سے قبل اسلامی فتوحات پر مبنی ارطغرل غازی کو پاکستان میں بے انتہا مقبولیت حاصل ہوئی اوران دنوں پی ٹی وی پراس کا دوسرا سیزن آن ائر ہے۔

اب وزیراعظم ہی کی خواہش پر تُرک ڈرامہ ” یونس امرے ” بھی اردو ڈبنگ کے ساتھ دکھایا جائے گا۔

اس حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن کے آفیشل ٹوئٹرہینڈل پربتایا گیا کہ تُرک ڈرامہ یونس امرے ” راہِ عشق ” کے نام سے پی ٹی وی ہوم پرجلد دکھایا جائے گا۔

ٹویٹ میں اس ڈرامے کا ٹریلربھی دکھایا گیا تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ڈرامہ کب نشر کیا جائے گا۔


سینیٹر فیصل جاوید نے بھی اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک اور ہٹ ڈرامہ سیریل ” یونس امرے (دی درویش )” جلد پی ٹی وی پرنشرکیاجائے گا۔

یہ ڈرامہ تُرکی کے سرکاری ٹی وی چینل ٹی آر ٹی ون نے بنایا تھا جس کاپہلا سیزن 2015 میں اور دوسرا 2016 میں نشرکیاگیا، ارطغرل کے برعکس یہ ڈرامہ 41 اقساط پرمشتمل ہے۔

اس سے قبل مئی 2020 میں بھی سینیٹر فیصل جاوید نے انکشاف کیا تھا کہ وزیر اعظم تُرک ڈرامہ “یونس امرے” کو پاکستان میں نشرکرنے کے دلی خواہشمند ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اسلامی تاریخ کی اس اہم شخصیت کی زندگی پرڈرامہ دکھانے کے ذریعے عوام کو تاریخ سے رُوشناس کرایا جائے۔

یونس امرے تیرہویں صدی کے ترک صوفی شاعر تھے جو سلطنت عثمانیہ سے 200 سال قبل پیدا ہوئے ، ادبی و ثقافتی لحاظ سے انہیں تُرکی میں ایک خاص مقام حاصل ہے جس کا اعتراف وہاں کی نئی نسل بھی کرتی ہے، یہ ڈرامہ یونس امرے کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں