امریکا میں 45 سالہ خاتون نے 14 بیٹوں کے بعد پہلی بیٹی کو جنم دیا ہے جس پر پورا خاندان نہایت خوش ہے۔
برطانوی اخبار دی گارجیئن کے مطابق امریکی ریاست مِشی گن میں 14 بیٹوں کی وجہ سے شہرت رکھنے والے جوڑے جے شوانڈٹ اور ان کی بیوی کیٹیری شوانڈٹ کے یہاں بیٹی کا جنم ہوا ہے۔ دونوں کی شادی 30 سال قبل ہوئی تھی اور وہ ایک بیٹی کے خواہش مند تھے۔
نومولود بیٹی کے والد 45 سالہ جے شوانڈٹ نے مرسی اسپتال میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 30 سال کے طویل انتظار کے بعد ہماری خواہش پوری ہے جس پر میں اور میری بیوی بہت خوش ہیں۔
بچی کی ماں کیٹیری شوانڈٹ کا کہنا تھا کہ یہ سال کئی وجوہات سے یادگار رہا لیکن میگی جین ایک ایسا تحفہ ہے جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔ بچی کی آمد پر اس کے 14 بھائی بھی پر جوش ہیں۔
نومولود کے سب سے بڑے 28 سالہ بھائی نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے والدین مایوس ہوگئے تھے اور انہوں نے سوچنا چھوڑ دیا تھا کہ کبھی ان کے یہاں بیٹی بھی پیدا ہوگی۔ ماں نے پہلی بار بچوں کے گلابی کپڑے خریدے تو وہ کافی خوش تھیں۔
قانون کی ڈگری رکھنے والے جے شوانڈٹ اور سوشل ورک میں ماسٹر کی ڈگری کی حامل کیٹیری شوانڈٹ ایک دوسرے سے اسکول میں ملے تھے اور کالج جانے سے پہلے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے تعلیم مکمل کرنے کے دوران ان کے تین بیٹے ہوچکے تھے۔