بحرین کے فرماں روا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے ایک شاہی فرمان کے ذریعے مملکت کے ولی عہد اور نائب سپریم کمانڈر شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسی آل خلیفہ کو نیا وزیر اعظم مقرر کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ فرمان 84 سالہ شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ کی وفات کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔ خلیفہ بن سلمان 49 برس تک بحرین کے وزیر اعظم رہے۔
بحرین کے وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ امریکا میں مایو کلینک میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی میت امریکا سے بحرین پہنچائی جائے گی۔ اس کے بعد تدفین میں محدود تعداد میں عزیز و اقارب شریک ہوں گے۔
بحرین کے فرماں روا نے وزیر اعظم کی وفات پر جمعرات کے روز سے7 دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران ملک بھر میں پرچم سرنگوں رہیں گے اور سرکاری دفاتر میں تین دن تک تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔