گوجرانوالہ سے جاکر فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی میں پڑھنے والی طالبہ کو قتل کردیا گیا۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
تین روز قبل فیصل آباد کے علاقہ پیپلز کالونی سے ایک نامعلوم لڑکی کی لاش ملی تھی۔ پولیس نے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ مقتولہ کی شناخت کائنات کے نام سے ہوئی جس کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے اور وہ فیصل آباد ایگری کلچر یونیورسٹی کی طالبہ ہیں۔ مقتولہ پڑھائی کے اخراجات پورے کرنے کیلئے کال سینٹر میں نوکری بھی کرتی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کائنات کو سر میں گولی مارکر قتل کیا گیا ہے۔ کائنات کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں لاش ملنے کے بعد فون آیا کہ آپ کی لڑکی کو قتل کر دیا گیا ہے۔ کل اسپتال آکر لاش وصول کریں۔
ایک عزیز نے بتایا کہ مقتولہ کا بھائی اس کو جیب خرچ کے لیے پیسے بھیجتا تھا مگر کائنات کا اپنا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے کے باعث رقم اس کے ایک ساتھی کے اکاونٹ میں منتقل کی جاتی تھی۔
پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ پیسوں کے لین کا تنازع ہے۔ فیصل آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے کال سینٹر کے ساتھیوں کو شامل تفتیش کر رہے ہیں جبکہ پہلے سے گرفتار ملزم طلال کو بروز پیر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ملزم طلال کائنات کے ساتھ کال سینٹر میں کام کرتا ہے، اس کا دوست ہے اور قتل کے روز وہ کائنات کو اپنے ساتھ موٹرسائیکل پر بٹھاکر لے گیا تھا جبکہ پیسے بھی اسی کے اکاؤنٹ میں آتے تھے۔