9 افراد پر مشتمل گینگ موبائل سمز کا غیر قانونی دھندہ کر کے بڑی رقم بٹور چکا تھا، 37 ہزار سے زائد سمز برآمد ہوئیں.
سعودی پولیس نے موبائل سمز کا غیر قانونی کاروبار کرنے والا ایک غیر ملکی گینگ گرفتار کر لیا ہے۔ مشرقی ریجن پولیس کے ترجمان کیپٹن محمد الدریہم نے بتایا کہ موبائل سمز کا غیر قانونی دھندا کرنے والے گینگ میں 9 افرادکا تعلق انڈیا اور بنگلہ دیش سے ہے جن کی عمریں 30 سال سے 50 سال کے درمیان ہیں۔ ان افراد نے اپنی رہائش گاہوں پر ہی غیر قانونی موبائل سمز کی فروخت کا اڈہ بنا رکھا تھا۔
یہ مقامی اور تارکین وطن کے شناختی دستاویزات پر دوسرے افراد کو سمز جاری کیا کرتے تھے۔ چھاپے کے وقت ملزمان کے قبضے سے مختلف کمپنیوں کی37,557سمز برآمد ہوئیں، اس کے علاوہ 155موبائل سیٹ اور لیپ ٹاپ بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سعودی پولیس نے جعلی اقامہ کارڈز اور موبائل سمز کا دھندا کرنے والے ایک فراڈیئے گینگ کو گرفتار کیا تھا جس کے تمام افراد کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔
ملزم ایک گروہ کی صورت میں جعلی موبائل سم اور اقامہ کارڈ تیار کرکے ہم وطنوں کو فروخت کررہے تھے۔یہ افراد اپنی رہائش کو جعلی سم اور اقامہ کارڈ تیار کرنے کے اڈے میں تبدیل کیے ہوئے تھے- مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام سے موبائل سم تیار کرکے بلیک مارکیٹ میں فروخت کررہے تھے۔
ریاض پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مقامی موبائل کمپنیوں کی 577 موبائل سم برآمد ہوئیں جبکہ متعدد سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے شناختی کارڈز اور اقاموں کی فوٹو کاپیاں اور فنگر پرنٹس کے نمونے بھی ان کے قبضے میں پائے گئے- دو لیپ ٹاپ، تین پرنٹرز، چار فنگر پرنٹ کی ریڈنگ کرنے والی مشینیں اور جعلی اقامہ کی تیاری میں کام آنے والا ایک پرنٹر برآمد ہوا- علاوہ ازیں اقامہ سائز کے 160 کارڈ بھی ضبط کیے گئے۔ جن پر اقامے کی تفصیلات پرنٹ کی جاتی تھیں۔