پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کے بعد محکمہ شہری ہوا بازی کا نیا ہدایت نامہ جاری

سعودی عرب میں ہفتے کے روز کورونا وائرس سے متعلق لگائی گئی تمام پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس میں سعودی عرب سفر کرنے والوں‌کو اب پیشگی منفی پی سی آر ٹیسٹ اور ادارہ جاتی قرنطینہ کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے.

سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ایسے مقیم غیرملکی بھی سعودی عرب واپس آسکتے ہیں جنہوں نے کورونا ویکسین کی خوراکیں نہیں لگوائی ہیں۔ مقیم غیرملکیوں کی واپسی کے لیے ویکسین یافتہ ہونا ضروری نہیں رہا ہے۔

مزید پڑھیں؛ مقیم غیرملکیوں کی سعودی عرب واپسی کے لیے ویکسین یافتہ ہونا ضروری نہیں

سعودی عرب کےمحکمہ شہری ہوابازی نےنئے ہدایت نامے میں تمام فضائی کمپنیوں کو سعودی عرب آنے والے مسافروں سے قرنطینہ پیکیج کی مد میں لی جانے والی پیشگی فیس واپس کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ شہری ہوابازی نے اس تناظر میں ہدایت دی ہے کہ ’ جو فضائی کمپنیاں مملکت آنے والے مسافروں سے ہوٹل قرنطینہ فیس وصول کرچکی ہیں وہ فیس واپس کریں کیونکہ اب یہ پابندی ختم ہوچکی ہے‘۔

محکمہ شہری ہوابازی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’مملکت آنے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری تھا اب یہ شرط ختم کردی گئی ہے‘۔

مزید پڑھیں؛ مسجد الحرام میں نماز ادا کرنےاور قبر مبارک کی زیارت کیلئے اب اجازت لینے کی ضرورت نہیں

دوسری جانب محکمہ شہری ہوابازی نے مختلف ویزا ہولڈرز سے کہا ہے کہ’ اگر کوئی شخص کورونا وائرس سے متاثر ہوتا ہے تو علاج کے اخراجات کو پورا کرنے کیلئے ہیلتھ انشورنس کا ہونا ضروری ہے.

محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ ’محکمے کی جاری کردہ ہدایات کی پابندی نہ کرنا قابل سزا عمل ہے۔ اسے سرکاری آرڈیننس کی کھلی خلاف ورزی مانا جائے گا جو بھی اس خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اسے کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں