چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کرکٹ بورڈ فیصل حسنین نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا اہم دن ہے، پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز کرکٹ سے بڑھ کر ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب نک ہولی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے حکام میرے ساتھ بیٹھے ہیں۔
فیصل حسنین نے کہا کہ دورہ پاکستان پر آسٹریلیا کے مشکور ہیں، پاکستانی عوام کی جانب سے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، حالیہ سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ شائقین 24 سال سے آسٹریلوی ٹیم کو دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہولی نے کہا کہ آج کا دن پاکستان میں ایک تاریخی دن ہے جس کے لیے ہم نے انتھک محنت کی۔ آسٹریلوی ٹیم کا پاکستان میں تاریخی استقبال کیا گیا۔ میں پی سی بی اور پاکستان میں کرکٹ شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
نک ہولے نے کہا کہ کرکٹ ایسوسی ایشن آف آسٹریلیا نے بھی انتھک محنت کی ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے، پاکستان میں کرکٹ کی تیاریوں سے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے، سیریز سے پاکستان اور آسٹریلیا کی دوستی بھی مضبوط ہوئی ہے۔
پریس کانفرنس میں شریک آلارڈائس نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے آسٹریلیا کا دورہ پاکستان بھی اہم ہے۔