industrial package (1)

ملک سبزی اور گندم بیچنے سے نہیں، صنعتوں کی بنیاد پر آگے بڑھتا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو سبزیاں اور گندم نہیں بیچنی چاہیے بلکہ صنعتوں کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صنعتی پیکج کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے دنوں میں سونے سے پہلے غلطیوں کو دیکھ لیا کرتے تھے۔ صنعتی ریلیف پیکیج پہلے دینا چاہیے تھا۔

عمران خان نے کہا کہ سبزی اور گندم بیچ کر کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک صنعتوں کی بنیاد پر آگے بڑھتا ہے، صنعت اور مینوفیکچرنگ کے بغیر کوئی ملک عظیم نہیں بن سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 55 سال پہلے ملک بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا اور سمت درست تھی۔ بدقسمتی سے 70 کی دہائی میں نیشنلائزیشن کی وجہ سے صورتحال بدل گئی۔ آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منافع کمانے کی اجازت نہ دی جائے تو ملک میں سرمایہ کاری نہیں آسکتی۔ صنعتی ترقی کی بنیاد پر ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔ ہم نے آتے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ ہمیں صنعت کاری پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان کی کوئی لانگ ٹرم پلاننگ نہیں تھی، جب ذخائر کم ہوتے ہیں تو ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے لیے بہت اچھی پالیسی آئی ہے، چھوٹی اور درمیانی صنعتیں ملک کی بنیاد ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ رکاوٹیں ہٹائیں اب پاکستان بہت تیزی سے اوپر جائے گا، ماضی میں ایکسپورٹ پروموشن پر توجہ نہیں دی گئی، میرا سب سے زیادہ تجربہ سمندر پار پاکستانیوں سے نمٹنے کا ہے، شوکت خانم بنانے میں میری سب سے زیادہ مدد ہوئی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز میں چھوٹے کاروبار بڑے ہوئے، لیکن انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کی، پاکستان میں اوورسیز کو ماضی میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہماری حکومت نے قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کی، اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے عدالتیں بنائیں۔

انہوں نے دعوت دی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری پر 5 سال ٹیکس چھٹی ملے گی، اوورسیز اور پاکستانی انڈسٹری کو بھی جوائنٹ وینچر پر 5 سال کی ٹیکس چھٹی ملے گی۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پیسے سے سرمایہ کاری کا پورا موقع دے رہے ہیں، بزنس انڈسٹری پاکستان کی ترقی میں بھرپور تعاون کرے گی، جو ملک اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوتا اسے دنیا عزت نہیں دیتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ سے مانگیں تو خوش ہوتا ہے لیکن انسان کے سامنے ہاتھ پھیلا دیں تو عزت نہیں کرتا، اللہ نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمتیں دی ہیں، کسی چیز کی کمی نہیں کی.

اپنا تبصرہ بھیجیں