پاکستان سپر لیگ سیزن سات کامیابی سے اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، آج پلے آف کا پہلا میچ کھیلا جائے گا، جیتنے والی ٹیم فائنل میں جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے پلے آف مرحلے کا پہلا میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پہلے کوالیفائر میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔ میچ شام 7.30 بجے شروع ہوگا۔ ۔
ایونٹ میں آج کے میچ کی فاتح ٹیم ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کے پاس ایک اور موقع ہوگا۔ ہارنے والی ٹیم آج پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔
پلے آف مرحلے کا دوسرا میچ 24 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا، ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔