Imran_Khan_PTI

ملکی تاریخ میں پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں کے عظیم الشان اجتماع کی منظوری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پہلی بار اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے عظیم الشان اجتماع کی منظوری دے دی۔ تین روزہ اجتماع 13 سے 16 مارچ تک اسلام آباد میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملکی سیاست میں سمندر پار پاکستانیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پہلی بار اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے عظیم الشان اجتماع کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خصوصی خطاب کریں گے۔

اس سلسلے میں سیکرٹری اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز عبداللہ ریاض نے سیکرٹری جنرل اسد عمر سے ملاقات کی جس میں انہیں سمندر پار پاکستانیوں کے تین روزہ اجتماع کے انعقاد سے متعلق اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔

سمندر پار پاکستانیوں کا تین روزہ اجتماع 13 سے 16 مارچ تک اسلام آباد میں ہوگا جس میں دنیا بھر سے پی ٹی آئی کے منتخب عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

اجتماع میں یورپ، امریکہ، وسطی ایشیا اور دنیا کے دیگر حصوں سے مندوبین کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جمع کرنے کے لیے ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانی پہلے دن سے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں، ملکی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کا کردار بے مثال ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہتی ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کا یہ اجتماع ملکی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں