متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید نے وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کرکے لاہور دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں محمد بن زید نے لاہور دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے کہا کہ وہ مشکل کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے پاکستانی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کے ولی عہد محمد بن زید کا اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کا خاتمہ ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے ٹیلی فونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان رابطوں کے تسلسل پر اتفاق کیا۔