کراچی میں کورونا کی شرح 46 فیصد سے تجاوز کرگئی

پاکستان اور صوبہ سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 46.5 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 46.58 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 760 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔

محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ان ٹیسٹوں کے نتیجے میں 3149 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 17.27 فیصد ہوگی۔

محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ حیدرآباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1401 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 242 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد دیگر صوبوں کے مقابلے میں 5 لاکھ 16 ہزار 874 زیادہ ہوگئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار 727 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 678 کیسز رپورٹ ہوئے، اس موذی وبا کا سامنا کرتے ہوئے مزید 23 مریض جان کی بازی ہار گئے، مزید 814 مریض صحت یاب ہو گئے، جب کہ مثبت کیسز کی شرح 12.93 رہی۔

ملک بھر میں اب تک 29,065 کورونا وائرس کے مریض ہلاک ہوچکے ہیں جس سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 1,353,479 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں