پاک فوج ملکہ کوہسار میں شدید برف باری کے باعث پھنسے سیاحوں کو بچانے کے لیے میدان میں آگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مری میں غیر معمولی صورتحال کے باعث فوجی دستے سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف ہیں جب کہ مری ڈویژن کے دستے برف میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مری ڈویژن کے انجینئرز تمام سڑکیں کھولنے میں مصروف ہیں جب کہ آرمی انجینئرز بھی مرکزی شاہراہیں کھولنے پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برف میں پھنسے سینکڑوں افراد کو نکالنے کے بعد انہیں پناہ گاہ فراہم کر دی گئی ہے اور متاثرہ افراد کو خوراک اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احکامات جاری کیے تھے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور سیاحوں کو ضروری امدادی اشیاء بھی فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی سمیت دیگر شہروں سے اضافی مشینری اور نفری بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔