پاکستانی فنکاروں کی دنیا کی مشہور پنجابی کامیڈی فلم ’’چل میرا پت 2‘‘ کو شائقین کی جانب سے اچھا رسپانس ملا ہے۔
جمعہ 24 دسمبر کو ریلیز ہونے والی یہ فلم اب تک پاکستانی سینما گھروں میں ڈھائی کروڑ روپے کما چکی ہے اور لاہور، کراچی، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بڑے سینما گھروں اور ملٹی پلیکسز میں شو ہاؤسز چلا رہی ہے۔
یہ فلم ڈسٹری بیوشن کلب کے زیراہتمام پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔
ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد رشید نے کہا کہ ’’چل میرا پُت 2‘‘ پاکستانی سینما گھروں کی رنگینیوں کو بحال کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور باکس آفس کا بزنس اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ کامیڈی سے بھرپور فیملی فلمیں اب بھی ناظرین کی پہلی پسند ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹری بیوشن کلب کے زیر اہتمام ’’چل میرا پُت 2‘‘ کے بعد ’’چل میرا پُت 3‘‘ سمیت دیگر پنجابی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی، جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔
شیخ عابد رشید نے مزید کہا کہ ’’چل میرا پُت 2‘‘ میں پنجابیوں کے یورپ جانے کے حالات کو مزاحیہ انداز میں دکھایا گیا ہے اور اس فلم میں پاکستانی کامیڈین افتخار ٹھاکر، ظفری خان، ناصر چنیوٹی، اکرم اداس اور روبی انعم نے اداکاری کی ہے۔