پاکستانی ٹیسٹ اوپنر عابد علی کی طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
سینٹرل پنجاب کے اوپنرعابد علی نے 21 دسمبر کو کراچی کے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں قائداعظم ٹرافی کے فائنل راؤنڈ کے میچ میں خیبر پختونخوا کے خلاف اننگز کے دوران سینے میں درد کی شکایت کی تھی اور انہیں فوری طور پر کارڈیک ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ جہاں ان کی تشخیص ایکیوٹ کورونری سنڈروم (ACS) کی صورت میں ہوئی۔
“عابد کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے لیکن ان کا بحالی کا پروگرام دو ہفتوں کا ہے۔ پی سی بی نے کراچی میں ہماری رہائش کے انتظامات کیے ہیں،‘‘ عابد کے والد نے کرکٹ پاکستان کو بتایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم ان تمام دوستوں کے مشکور ہیں جنہوں نے عابد کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔”
ہسپتال میں اپنے علاج کے دوران عابد کی انجیو پلاسٹی کی گئی اور ان کی بند کورونری شریان میں دو سٹینٹس لگائے گئے۔
دائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے اپنے مختصر کیریئر کے دوران اب تک پاکستان کے لیے 16 ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔