پاکستان میں مسیحی برادی کرسمس کا تہوار ملک بھر میں سخت سکیورٹی کے درمیان منا رہے ہیں۔
ملک بھر کے گرجا گھروں میں چراغاں اورخصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں مسیحی بھی پاکستان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کر رہے ہیں۔
پاکستان اور دنیا بھر میں کرسمس ہر سال 25 دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے۔
عیسائیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے گرجا گھروں کے باہر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
دن کا آغاز گرجا گھروں میں تقریبات اور اجتماعات سے ہوا۔ مسیحی شہریوں نے اپنے گھروں اور گرجا گھروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا اور اس موقع پر کرسمس کے خصوصی درخت لگائے گئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ پیغامات میں مسیحیوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ حکومت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق اور مراعات کا تحفظ جاری رکھے گی۔
انہوں نے ملک کی دفاع، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کے شعبوں میں عیسائیوں کی مخلصانہ اور انمول خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو بااختیار بنائے گی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے استعمال کریں۔