وزیراعظم نے تحریک انصاف کا پورا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کا پورا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کردیا جس کے بعد نئی آئینی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی رشتہ دار کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ مقامی قیادت نہیں کرے گی، فیصلے وفاقی سطح پر ہوں گے اور پارٹی کا نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کسی کو لیڈر مانتے ہیں تو وہ عمران خان ہیں، پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی ایسی جماعت نہیں جو اتنی بڑی تعداد میں ٹکٹ جاری کرے، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، اگر پی ٹی آئی نیچے گئی تو پاکستان کی سیاست نیچے جائے گی۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کے پی کے انتخابات میں وزیر اعلیٰ محمود خان، پرویز خٹک سے بات کی، وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کے پی کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ویلج کونسل انتخابات کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی اب بھی سب سے بڑی جماعت ہے، چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے، ن لیگ صرف پنجاب تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو گرانٹڈ نہیں لیا جا سکتا، الیکشن میں 1100 سے زائد ٹکٹ دیے گئے ہیں، پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی پارٹی ایسی نہیں جو اتنے لوگوں کو الیکشن میں کھڑا کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں