امریکی ڈالر نے پاکستان میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 177 سے تجاوز کر گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ڈالر کی اونچی اڑان نہ رک سکی۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ڈالر کی قدر ریکارڈ سطح پر برقرار رہی۔

انٹربینک مارکیٹ میں قیمت 37 پیسے اضافے سے 177 روپے 2 پیسے ہوگئی۔ فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 177 روپے 90 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز ڈالر 176 روپے 48 پیسے پر بند ہوا تھا اور آج صبح سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ نے روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی کی وجہ سعودی عرب کی جانب سے امدادی پیکج کی صورت میں فراہم کردہ فنڈز کے بہاؤ میں تاخیر اور ملک کے بڑھتے ہوئے درآمدی بل کو قرار دیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے بھی بڑھتے ہوئے درآمدی بلوں اور تجارتی خسارے کو ڈالر کی قدر میں اضافے کا ذمہ دار قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں