Sheikh Hasina

بھارت میں مسلم مخالف تشدد بنگلہ دیش کے ہندوؤں کو متاثربھی کر سکتا ہے ، شیخ حسینہ

بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات اور نریندر مودی حکومت کی اقلیتوں کے خلاف متعصبانہ پالیسیوں کے پیش نظر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے نئی دہلی کو خبردار کیا کہ یہ واقعات ان کے ملک میں ہندو برادری کو متاثر کر سکتے ہیں۔

شیخ حسینہ کا یہ بیان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے متنازعہ اقدامات جیسے آرٹیکل 370 کی منسوخی اور شہریت (ترمیمی) ایکٹ کی منظوری پر بنگلہ دیش میں بڑھتی ہوئی انتشار کی اطلاعات کے درمیان آیا ہے۔

گزشتہ روز ایک وائرل ویڈیو جس میں کچھ مسلمانوں کو ہندؤں کی درگا پوجا کے موقع پرتوڑ پھوڑ کرتے دکھایا گیا ہے،جس کو بنیاد بنا کر بھارت میں ایک بار پھر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جبکہ مسلمانوں کا معوقف ہے کہ درگا پوجا کے دوران قرآن کریم کی بے حرمتی کی گئی ہے، جو اشتعال کا باعث بنی۔ واقعے کے بعد شیخ حسینہ نے ان لوگوں کو پکڑنے کا عزم کیا جنہوں نے درگا پوجا کی تقریبات کے دوران کچھ ہندو مندروں میں توڑ پھوڑ کی۔

کمیلہ کی سرحد سے متصل چاند پور کے حاجی گنج سب ڈسٹرکٹ میں مسلمانوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ چوتھا شخص بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

حسینہ نے خبردار کیا ، “کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کس مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کو تلاش کیا جائے گا اور انہیں سزا دی جائے گی۔”

تاہم ، حسینہ نے اس موقع کو استعمال کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ کسی بھی فرقہ وارانہ تشدد میں اضافے کے خلاف چوکس رہے۔ شیخ حسینہ نے کہا ، “ہم توقع کرتے ہیں کہ وہاں (ہندوستان میں) کچھ نہیں ہوگا ، جو بنگلہ دیش کی کسی بھی صورتحال کو متاثر کرسکتا ہے جو ہماری ہندو برادری کو بھی متاثر کرے گی۔”

ٹیلی گراف نے شیخ حسینہ کے حوالے سے کہا ، “آپ سب جانتے ہیں کہ 1975 کے بعد ہمارے ملک میں اقتدار میں آنے والوں نے لوگوں کو تقسیم کرنے کے لیے مذہب کا استعمال کیا … عالمی دہشت گردی کے عروج نے ہمارے ملک پر بھی اثرات مرتب کیے۔ اس کا مقابلہ کرنا نہ صرف ہماری ذمہ داری ہے ، اور بھارت جیسے پڑوسی ممالک کو بھی چوکنا رہنا چاہیے … بھارت نے جنگ آزادی (1971 کی) میں ہماری مدد کی اور ہم اس مدد کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔ آگاہ ہیں کہ اس طرح کے واقعات وہاں نہیں ہونے چاہئیں جس کا اثر بنگلہ دیش پر پڑے گا اور ہمارے ملک میں ہندوؤں کو حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں