young doctors

اسلام آباد میں ینگ ڈاکٹرزکا احتجاج ، پولیس کا مظاہرین پر لاٹھی چارج، متعدد گرفتار

پولیس نے پیر کی سہ پہر اسلام آباد میں پاکستان میڈیکل کمیشن کے باہر احتجاج کرنے والے نوجوان ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس فائر کی۔

ملک بھر سے نوجوان ڈاکٹرآج صبح پاکستان میڈیکل کمیشن کے باہر جمع ہوئے۔ احتجاج صبح 9:30 بجے شروع ہوا۔ اسلام آباد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے ڈاکٹر قومی لائسنسنگ امتحانات کے خلاف دارالحکومت پہنچے۔

ابتدائی طور پر مظاہرین پی ایم سی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسیشن کے صدر نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا مقصد کمیشن کے سربراہ سے شام ساڑھے چار بجے بات کرنا تھا لیکن اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو ڈاکٹروں نے سری نگر ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بلاک کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ڈاکٹروں کے ایک اور وفد نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی علی نواز اعوان سے ملاقات کی۔

لیکن اچانک ، تقریبا ڈیڑھ بجے کے قریب ، مشتعل مظاہرین پی ایم سی کے داخلی دروازے کی طرف بڑھے اور عمارت میں گھسنے کی کوشش کی۔ سائٹ پر موجود پولیس افسران حیران رہ گئے۔

پولیس نے ابتدائی طور پر ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج کیا اور پھر ان پر آنسو گیس فائر کی۔

مزیدپڑھیں:حکومت کا چیئرمین نیب کو توسیع دینے کا فیصلہ: ذرائع | Urdu Arab News – اردو عرب نیوز

متعدد مظاہرین کی گرفتاری کے بعد جھڑپیں کم ہو گئیں۔ پی ایم سی کے باہر ایک اضافی پولیس دستہ بھیجا گیا ہے تاکہ دوبارہ اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔

مظاہرین کے پی ایم سی کی عمارت میں گھسنے کے بعد افراتفری پھیل گئی۔ انہوں نے عمارت کا گیٹ گرادیا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔ دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جھڑپ میں متعدد ڈاکٹر اور پولیس افسران زخمی ہوئے۔ 15 سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد کے ایس ایس پی آپریشنز اپنی ٹیم کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ تاہم ، ابھی تک پی ایم سی سے کسی نے بھی مظاہرین سے بات نہیں کی۔

ڈاکٹر احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟

ملک بھر میں سینکڑوں ینگ ڈاکٹرز پی ایم سی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی لائسنسنگ امتحان میں بیٹھنے کی مجبوری ختم کی جائے۔

پاکستان میڈیکل کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں پریکٹس کرنے کے لیے ڈاکٹروں کو پانچ سال کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد لائسنسنگ کا امتحان دینا ہوگا۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اضافی امتحان غیر منصفانہ ہے، کیونکہ وہ اپنی ایم بی بی ایس کی ڈگریاں حاصل کرنے کے لیے پہلے ہی یہی امتحان پاس کر چکے ہیں۔

چنانچہ ملک بھر کے ڈاکٹروں نے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

پی آئی اے نے کویت کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا | Urdu Arab News – اردو عرب نیوز

اپنا تبصرہ بھیجیں