کراچی (ویب ڈیسک) اداکارعمر شریف کی رواں ہفتے علاج کے لیے امریکہ جانے کی توقع ہے ، ان کی اہلیہ زرین عمر نے آج ایک بیان میں
کہا کہ وفاقی حکومت نے لیجنڈ کامیڈین کے لیے امریکی ویزا حاصل کرنے میں ان کی بھرپورمدد کی ہے۔
بیمار عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کا بھی انتظام کیا گیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے اس کے اخراجات برداشت کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کے بیٹے نے کہا کہ عمر شریف کو آج امریکی ویزا ملنے کی توقع ہے۔
دریں اثنا ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی و مواصلات ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم کے دفتر نے عمر شریف اور ان کے خاندان کی تفصیلات متعلقہ سفارت خانے کو بھیج دی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ عمر شریف کو ویزا جلد جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آفس عمر شریف کے خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔