سورج خانہ کعبہ کےعین اوپر آگیا، اس وقت دنیا بھر کے مسلمان قبلے کی درست سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 18 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آگیا، جس کے باعث خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہو گیا،اس وقت پاکستان سمیت خطے کے ممالک میں قبلہ رخ کاتعین کیا جا سکتا ہے۔
قبلہ کی درست سمت کے تعین کیلئے مقررہ وقت پر زمین پر ایک چھڑی عمودی گاڑ دیں یا کسی عمارت کے کونے کا انتخاب کریں جیسے ہی یہ وقت آئے ، اس سایہ پر ایک خط کھینچ دیں اور اس خط پر عمود گرائیں، شمال سے جنوب کی جانب زاویہ قائمہ بنائیں، یہی قبلہ رخ ہوگا۔
سعودی فلکیاتی انجمن کے سربراہ ڈاکٹر ماجد ابو زاھرۃ کا کہنا ہے کہ سورج خانہ کعبہ کے اوپر نظر آنے کا واقعہ اس لیے رونما ہوتا ہے کیونکہ خانہ کعبہ خط استوا اور مدار السرطان کے درمیان واقع ہے۔
خیال رہے کہ سورج اپنی گردش کے دوران خط استوا سے مدار السرطان کی طرف مئی کے مہینے میں منتقل ہوتا ہے اور اس طرح گردش کرتے کرتے سورج خانہ کعبہ کے اوپر آجاتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق خانہ کعبہ کے اوپر سورج کا آنا اہم واقعہ مانا جاتا ہے، خانہ کعبہ پر سورج سال میں 2 مرتبہ آتا ہے، سورج خانہ کعبہ پر سال میں پہلی بار 27 مئی اور دوسری بار 15 جولائی کو آتا ہے۔